بچوں کو حادثات سے محفوظ رکھیں
مکرمی! بچوں کو حادثات سے بچانا ہمارا فرض ہے ہم درج ذیل ہدایات پر عمل کرنے سے کافی حد تک بچوں کو محفوظ کر سکتے ہیں:٭ مٹی کا تیل یا پٹرول اور اس طرح کی خطرناک اشیاء کبھی کولڈ ڈرنگ کی خالی بوتل میں نہ رکھیں۔٭ تمام نوکیلی یا تیز دھار چیز اور ریز گاری کے سکے بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں٭ بچوں کو جلتے ہوئے چولہے کے پاس نہ جانے دیں۔ گرم پانی یا گرم دودھ والے برتن بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔٭ بجلی کے تمام پوائنٹ فرش سے کافی اوپر رکھیں۔٭ گھر میں گرم پانی کی پائپ لائن ہے تو پانی کا درجہ حرارت 110 فارن ہائیٹ سے زیادہ نہ رکھیں۔ ٭زیراستعمال تمام ادویات، ماچس کی ڈبیہ، فنائیل کی گولیاں، سرف، صابن اور نیل بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں٭ بچوں کو گاڑی میں اکیلا چھوڑ کر نہ جائیں۔٭ اپنے مکان کی چھت پر مناسب دیواریں یا جنگلہ ضرور بنائیں۔ ٭ بچوں کی چارپائی نیچے ہونی چاہئے اور بہتر ہوگا اگر چاروں طرف جنگلا لگائیں۔٭ اکثر واکر الٹ جاتی ہیں اور بچوں کو خاصی چوٹ لگتی ہے۔ دوسری صورت میں واکر کی بیس خاصی وزنی ہونی چاہئے۔٭ پلاسٹک کے خالی لفافے بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔ وہ ان کو اپنے منہ پر چڑھا سکتے ہیں اور ان کا دم گھٹ سکتا ہے۔ ٭ موتی بٹن، چنے اور مکئی، مونگ پھلی، چلغوزے وغیرہ بچوں کو نہ پکڑائیں۔ کئی دفعہ یہ چیزیں منہ میں ڈالنے سے سانس کی نالی یا ناک میں چلی جاتی ہیں۔ اور کافی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔٭ سوتے ہوئے بچوں کو دودھ نہ پلائیں۔ بچے کو کروٹ کے بل لٹائیں۔ سر کے نیچے تکیہ نہ رکھیں۔٭ اگر بچے کو کسی وقت قے یا الٹی آجائے تو فوراً الٹا کر دیں تاکہ الٹی کا مواد سانس کی نالی میں نہ چلا جائے۔٭ بچوں کو پیار سے ہوا میں کبھی نہ اچھالیں۔ بچہ ہاتھ سے گر سکتا ہے۔٭ گھر میں بالٹی یا ٹب میں پانی بھر کر نہ رکھیں اور نہانے کے بعد بالٹی یا ٹب کو الٹا کر دیں۔٭ اگر بچہ بے ہوش ہوجائے یا اسکو جھٹکے لگنے لگیں تو اس کے منہ میں پانی مت ڈالیں ٭قمیض کے بٹن وغیرہ کھول دیں۔ ٭ اگر بچے کو تیز بخار ہو جائے تو فوراً اسکے کپڑے ہلکے کردیں اور ٹھنڈے کمرے میں رکھیں اور اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔ ٭بچے کی قمیض پر بٹن نہیں لگے ہونے چاہئیں۔ قمیض کا کالر کھلا ہونا چاہئے۔ ٭ چھوٹے بچوں کو غبارے نہ دیں۔٭ کھلونے اور گھڑی وغیرہ کے چھوٹے سیل (Cell) خود اپنی نگرانی میں احتیاط سے تلف کریں تاکہ کسی المناک حادثے سے بچا جاسکے۔ (ڈاکٹر فیض اللہ خان شیروانی چائلڈ سپیشلسٹ سیالکوٹ)