کھیلوں کے فروغ سے جنگ کی نفرتوں کے شعلوں کو بجھایا جا سکتا ہے
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر صحتمندانہ سرگرمیوں بالخصوص کھیلوں کے فروغ سے جنگ کی نفرتوں کے شعلوں کو بجھایا جا سکتا ہے پوری دنیا میںان سرگرمیوں کے ذریعے عالمی امن کو یقینی بنا سکتی ہے کھیل سب قوموں کا مشترکہ اثاثہ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میںانٹرنیشنل کپ فٹسالٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں ترکی ، برازیل، نیپال ، پاکستان کی ٹیموںکے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پر کیا عشائیہ میں ترکی کے سفیر اور برازیل کے نائب سفیر سمیت کھیلوں سے متعلق دیگر غیر ملکی شخصیات بھی موجود تھیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پوری انسانیت اور مخلوق اللہ کا کنبہ اور ایک انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہے ۔ حکومتوں اور ممالک کو چاہیے کہ وہ جنگوں کی بجائے اپنے عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے مختلف کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کا اہتمام کریں جن سے مختلف ملکوں میں بسنے والے لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکے، صحتمندانہ مثبت سرگرمیوں بالخصوص کھیلوں کے فروغ کو حکومتیں اپنی ترجیحات میں شامل کر لیں تو اس ذریعے سے ہم جنگوں کے امکانات کو ختم کر سکتے ہیں۔ عالمی امن میں پیشرفت کو یقینی بنا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنا دیا جائے تو دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے ، سینیٹر سراج الحق کی طرف سے چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو فٹ بال کے تحائف بھی دیے ۔