پی ایس ایل تھری ‘ ٹرافی کی تقریب رونمائی آج دبئی میں ہو گی
دبئی(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی نقاب کشائی منگل کو دبئی اسٹیڈیم میں کی جائے گی پاکستان سپر لیگ سیزن تھری میں شامل ٹیمیں دبئی پہنچ گئیں جہاںآج ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی۔متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لئے غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، برینڈن میکولم اور ڈیرن سیمی کے بعد سنیل نارائن نے بھی اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کرلیا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل تھری کی ٹرافی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایا جائے گا جہاں تمام ٹیموں کے کپتان اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں گے , تقریب میں پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔20 فروری کو ہونے والے ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب کے بعد پی سی بی اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی، نوید اصغر اور چھ ٹیموں کپتان ڈیرن سیمی، سرفراز احمد، شعیب ملک، عماد وسیم، برینڈن میک کولم اور مصباح الحق پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری کو ہو گا جس سے قبل رنگ و نور سے بھرپور افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مشہور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور امریکی پاپ استار جیسن ڈیرولا کے ساتھ ساتھ مایہ ناز پاکستانی گلوگار علی ظفر اور شہزاد رائے بھی شائقین کو محظوظ کریں گے۔ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطان کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز دبئی، شارجہ اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔