ون ڈے پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ فخر زمان ‘محمد عامر کے نام
لاہو(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) فخر زمان اور محمد عامر کی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پرفارمنس سال کی بہترین پرفارمنس قرار پائی۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں اس سال کی بہترین بائولنگ اور بیٹنگ کے ایوارڈز چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم پاکستان کے حصے میں آئے، فخر زمان اور محمد عامر کی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بہترین کارکردگی کو سال کی بہترین کارکردگی قراردیا گیا ہے۔فائنل میں فخر زمان کی 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز اس سال کی ون ڈے کی بہترین بیٹنگ پرفارمنس قرار پائی جبکہ اسی معرکے میں محمد عامر کی 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں بہترین بائولنگ پرفارمنس قرار پائی۔ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں سٹیون سمتھ، ناتھن لیون اور ہیتھر نائٹ بھی شامل ہیں۔ سٹیون سمتھ کی بھارت کے شہر پونا میں میزبان ٹیم کیخلاف 109 رنز کی فاتحانہ اننگز ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین بیٹنگ پرفارمنس قرار پائی، ناتھن لیون کی 50 رنز کے عوض 8وکٹیں ٹیسٹ کی بہترین بائولنگ قرار پائی، انگلش ویمنز ٹیم کو ورلڈ کپ کا ٹائٹل دلوانے والی ہیتھر نائٹ کیپٹن آف دی ایئر کا ایوارڈ لے اڑیں۔18 رنز کے عوض 7 شکار کرنے والے افغانستان کے راشد خان ایسوسی ایٹ بائولنگ پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بہترین بیٹنگ پرفارمنس ایوارڈ ایون لیوس (125 ناٹ آوٹ)، بائولنگ ایوارڈ بھارتی بائولر یزوندرا چاہل(25 رنز کے عوض 5 وکٹیں) بہترین بائولنگ پرفارمنس کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔