پتنگ بازی پر پابندی قبول نہیں ، عدالت میںچیلنج کریں گے، ثاقب ریاض آغا
راولپنڈی (انٹرویو:محمد رضوان ملک/ تصاویر :ایم جاوید)پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے نائب صدر ثاقب ریاض آغا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی پر پابندی کو نہیں مانتے اس کے خلاف عدالت جارہے ہیں۔یہ صدیوں پرانی صاف ستھری تفریح ہے جس سے پورے خاندان کو تفریح کا موقع ملتا ہے۔ حکومت پتنگ بازی پر پابندی کی بجائے کیمیکل ڈور کے استعمال پر پابندی لگائے۔ ’’ایوان وقت ‘‘ میںاظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسنت پر پابندی کی آڑ میں رشوت کا بازار گرم ہے۔پولیس اہلکار چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے دس اور پندرہ سال کے معصوم بچوں کو پکڑ کر تھانوں میں بند کر رہے ہیں اور ان کے خلاف عادی مجرموں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا اصل مسئلہ کیمیکل ڈور ہے جس کی وجہ سے جانیں جارہی ہیں حکومت اس پر پابندی لگائے اور عوام کو اس سستی تفریح سے محروم نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں کیمیکل ڈور سرعام تیار کی جارہی ہے جو سمگل ہو کر یہاں آتی ہے حکومت اس سمگلنگ کو روکے اگر بسنت پر پابندی کو ختم نہ کیا گیا تو اس کے خلاف عدالت جائیں گے اور سڑکوں پر احتجاج بھی کریں گے۔ یہ کسی پارٹی کا مسئلہ نہیں شہریوں کی تفریح کا مسئلہ ہے۔ انہوںنے کہا اس پابندی سے بلکہ کئی خاندانوں کا روزگار بھی اس سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا اس کو عدالت میںچیلنج بھی کریں گے جس کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے مشاورت جاری ہے۔