شیخوپورہ‘ ننکانہ: ٹریفک حادثات میں 3خواتین ‘4بچوں سمیت 10افراد زخمی
شیخوپورہ‘ ننکانہ صاحب( نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں 3خواتین‘ 4بچوں سمیت 10افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی چوک کے قریب ریس لگاتے ہوئے دو رکشے ٹکرا گئے جس سے رکشوں میں سوار 3 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیوہسپتال پہنچادیا گیا جہاں پر ایک خاتون حمیداں بی بی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ننکانہ مانانوالہ پھاٹک کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 7سالہ متین شدید زخمی ہوگیا۔ تحصیل موڑ ننکانہ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل گئی جس کے نتیجہ میں 25سالہ اویس شدید زخمی ہوگیا۔ سٹی سانگلہ ہل کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گدھا ریڑھی کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں 32سالہ محمد شاہد شدید زخمی ہوگیا۔ ننکانہ واربرٹن روڈ پر واقع گائوں سنڈے کوٹ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل اور ٹرک کے تصادم میں 22 سالہ رضوان شدید زخمی ہوگیا علاوہ ازیں پیراڈائز ہوٹل سانگلہ ہل کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کے پچھلے ٹائر میں پائوں آجانے کے باعث 6سالہ محمد سمیر شدید زخمی ہوگیا۔