کراچی میں ملائیشین قونصلیٹ سیاحت کے فروغ کے لئے تعاون کرے گا:مرزا محمد طیب
کراچی(کامرس رپورٹر) ٹورازم ملائشیا کے ڈائریکٹر جنرل سیری مرزا محمد طیب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ملائشین ہائی کمیشن اور کراچی میں قونصلیٹ پاکستانی ٹریول ایجنسیز کوملائشیا میں سیاحتی بزنس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیاحت کے فروغ کے بے شمار مواقع دستیاب ہیں، ملائشیا اور پاکستان کے درمیان سیاحت کو پروان چڑھانے اور ٹورازم کو دونوں ممالک کی ٹریول ایجنسیز کے مفادمیں اجاگر کرنے کیلئے میںٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان(ٹیپ ) اور ملائشیا ٹورازم پروموشن بورڈ کے درمیان سیاحت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیپ کے چیئرمین محمد نعیم شریف کے دورہ ملائشیا کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ٹورازم ملائشیا اور ٹیپکے دیگر ارکان بھی موجودتھے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم شریف نے اس موقع پر بتایا کہ بحیثیت اسٹیک ہولڈر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان ایئر ٹریول ٹریڈ اور سیاحتی و منسلکہ سروسز کے فروغ اور ممبران کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے اور پاکستان اور ملائشیا کے درمیان سیاحت کو بڑھانے کیلئے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔انھوں نے بتایا کہ پاکستانی سیاح کثیر تعداد میں ملائشیا جاتے ہیں جبکہ ملائشیا سے سیاحوں کو پاکستان آنے کی ترغیب دلانے کیلئے ملائشیاکے سفارتی مشنز اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید تجویز دی کہ سفارتی مشنز اور ایسوسی ایشن کے اشتراک سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو اجاگر کرنے اور نئے ٹورازم بزنس کے مواقعوں کوتلاش کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں جس میں پاکستان اور ملائشیا کے ٹریول اور ٹورازم کمپنیوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔