الیکشن کمشن نے سینٹ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی‘ 10دستبردار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے سینٹ انتخابات کیلئے حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔ 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ دستبردار ہونیوالوں میں 8 پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما بیرسٹر فروغ نسیم اور مسلم لیگ (ن) کے آصف خان دستبردار ہوئے، فروغ نسیم نے ٹیکنو کریٹ کی نشست سے کاغذات نامزدگی واپس لئے وہ اب جنرل نشست پر سینٹ کا انتخاب لڑیں گے۔ بلوچستان سے نیشنل پارٹی کے ناظم دین، طاہر بزنجو کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے سینٹ انتخابات میں جنرل نشست پرکاغذات نامزدگی واپس لے لیے، اب وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست سے سینٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔پیپلزپارٹی کے اب 12 امیدوار میدان میں رہ گئے، وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے انتشار سے فائدہ پیپلزپارٹی کو ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی 12 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔ رضا ربانی، مولا بخش چانڈیو، مصطفی نواز کھوکھر، محمد علی شاہ جاموٹ، امام دین شوقین، ایاز مہر، مرتضیٰ وہاب، ڈاکٹر سکندر میندھر، انور لعل دین ،قرة العین مری اور کرشنا کماری اب پی پی کی جانب سے سینٹ کے امیدوار ہیں۔