کنٹرول لائن پر بھارتی حکمت عملی سمجھنا اور منہ توڑ جواب دینا اصل امتحان ہے: امین خالد
لاہور( اپنے نامہ نگار سے)بھارتی بد نیتی کے حوالے سے پاکستا ن گلوبل فورم کے چیرمین امین خالد نے لائن آف کنٹرول کی صورت حال پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی حکمت عملی کو سمجھنا اور پھر اس کا توڑ کرنا ہماری عسکری اور سیاسی قیادت کے لیے ایک امتحان سے کم نہیں۔ انہوں نے بھارتی حکمت عملی کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول میں اپنی طرف 5 سے 7 کلومیٹر تک کے علاقے کو آبادی سے صاف کر دیا ہے مگر صرف مسلمانوں کو آباد رہنے دیا ہے اور اپنی چوکیاں اس آبادی کے پاس قائم کی ہوئی ہیں۔ دوسری طرف پاکستان میں اکثر دیہات اور قصبے بھارتی توپوں کی رینج میں ہیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت اکثر عام پاکستانیوں کا جانی نقصان کرتا رہتا ہے۔