/اقبال شاہ کا قومی اسمبلی میں ڈیسک بجا کر استقبال‘ حلف اٹھا لیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) لودھراں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سید اقبال شاہ نے قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ سید اقبال شاہ جب ایوان میں آئے تو مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا بھرپور استقبال کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ان سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سید اقبال شاہ سے ہاتھ ملایا اور انہیں مبارکباد دی۔ متعدد ارکان نے بھی سید اقبال شاہ سے ملاقات کی اور ان کو مبارک باد دی۔ بعدازاں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمد اقبال شاہ نے کہا کہ میری کامیابی اﷲ پاک کے کرم سے ہوئی ہے اور اﷲ کے کرم ہی سے کامیابی ملتی ہے۔ لودھراں کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی‘ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی لاج رکھی اور ہمیں پذیرائی ملی۔ امید ہے کہ آئندہ الیکشن میں ہر حلقہ لودھراں کا بن جائے گا۔ توقع کرتے ہیں وزیراعظم علاقے کی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں گے۔