دھرنوں‘ احتجاجی مظاہروں سے نظام زندگی متاثر‘ سختی سے روکا جائے: لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے دھرنوں اور احتجاجوں کے ذریعے مال روڈ سمیت شہر بھر میںتجارتی و معاشی سرگرمیوں اور آمد و رفت کو مفلوج بنانے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یہ سلسلہ رکوائے کیونکہ اس کی وجہ سے صنعتکار، تاجر اور عوام سب بہت بْری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ ایک بیان میںلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے مال روڈ اور شہر کے مختلف مقامات پر دھرنوں اور مظاہروں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ان کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں برباد ہورہی ہیں اور دوسری طرف معمولات زندگی بھی بہت بْری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔