ریلوے سٹیشنوں کی مرمت، امپروومنٹ پلان کی منظوری
لاہور(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے خانیوال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ پشاور، راولپنڈی اور لاہور ریلوے اسٹیشنوں کی ضروری مرمت، تزئین و آرائش پر مشتمل امپروومنٹ پلان کی منظوری دے دی ہے جبکہ بہاولپور ریلوے اسٹیشن کے باہر سڑک کو پنجاب حکومت کے تعاون سے کشادہ کیا جائے گا۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش اگلے ماہ شروع ہو جائے گی۔راولپنڈی اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے کام میں فرنٹ ہال کا نیا خوبصورت فرش بنایا جائے گا، تمام نئی لائٹس لگائی جائیں گی اور چھتوں کی مرمت کی جائے گی۔ یہ پراجیکٹ جون تک مکمل ہو جائے گا۔ آر ایچ کیو میں وفاقی وزیر ریلویز کو نیسپاک حکام کی طرف سے بریفنگ میں خانیوال ریلوے اسٹیشن کے ساڑھے تیرہ ہزار مربع فٹ پر روایتی اور جدید طرز تعمیر کے علیحدہ علیحدہ پانچ مجوزہ ڈیزائن پیش کئے گئے۔