خواجہ آصف 19 سے 22 فروری تک روس کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ نے ، وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ روس کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر کے روز جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خواجہ آصف اپنے روسی ہم منصب سرگئی لارووف کی دعوت پر انیس سے بائیس فروری تک چار روزہ دورہ پر روس جا رہے ہیں۔ اس موقع پر منعقد ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا احاطہ کرنے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیالات کیا جائے گا۔ اس دورے کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان ، دفاع، سرمایہ کاری، تعلیم، کلچر اور سیاسی شعبوں مین تعاون کو مزید مستحکم بنانے میںمدد ملے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں روس کا خاص مقام ہے۔تمام شعبوں میں پاکستان ا ور روس کے درمیان تعاون میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔دنوں ملکوں کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور دوروں سے اس دوطرفہ خواہش کی عکاسی ہوتی ہے کہ باہمی سیاسی تعلقات کو ایک بامقصد شراکت میں ڈھالا جائے۔دونوں ملک سفارتی تعلقات قائم ہونے کی سترہویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔ اس سے پہلے دونوں وزرائے خارجہ نے گزشتہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلا س موقع پر ملاقات کی تھی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے دورہ ماسکو کے موقع پر افغانستان میں قیام امن کے موضوع اور داعش سمیت دہشت گرد تنظیموں کے کچلنے کے موضوعات بطور خاص زیر غور آئیں گے۔