تیونس: اسرائیل مخالف مظاہرہ‘ انسانی حقوق‘ سیاسی شخصیات سمیت ارکان پارلیمنٹ کی شرکت
تیونیسیا (اے پی پی) تیونس کے عوام نے پارلیمنٹ میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کو جرم قرار دینے کے قانون کی منظوری کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ عرب ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق تیونس کے دارالحکومت میں تیونسی عوام نے مظاہرہ کر کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائے جانے کو جرم سمجھنے کے قانون کی مخالفت کرنے کی شدید مذمت کی۔ اس مظاہرے میں تیونس کی انسانی حقوق اور سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ بعض پارلیمانی ارکان نے بھی شرکت کی۔ مظاہرے میں شریک عوامی محاذ پارٹی کے رہنما رفیق غنمی نے تیونس میں اسرائیل کے تعاون اور اس کے لئے جاسوسی کے بڑھتے ہوئے مراکز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تیونس اس وقت تاریخی دور سے گذر رہا ہے اور تیونس کے عوام اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کو جرم قرار دینے کے قانون کو پارلیمنٹ میں نظرانداز کر دیا جائے۔