پاکستان کو دہشتگردوں کے معاون ممالک کی فہرست میں کوئی شامل نہیں کرسکتا : احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک وقت میں ای سی ایل کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا تھا ٗ اب ایسا نہیں ہے ٗپاکستان کو دہشت گردوں کے معاون ممالک کی فہرست میں کوئی شامل نہیں کرسکتا، عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے۔پیر کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اپنے بجٹ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور اس جنگ میں ہونے والے تمام اخراجات خود اٹھا رہے ہیں تاہم چند ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔بھارت کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی جاری ہے، بھارت کو چاہئے وہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے بجائے مسائل مذاکرات سے حل کرے۔وزیر داخلہ احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست سے متعلق کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ای سی ایل کو استعمال کرنا ختم ہوچکا۔ صباح نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پائیدار ترقی بارے رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایل او سی پر بھارتی شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، نئی دہلی شیلنگ کر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ، ہمیں کوئی دہشتگردی کی واچ لسٹ میں نہیں ڈال سکتا، سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اور قریبی تعلقات ہیں ، پاک فوج کسی جنگ میں حصہ لینے سعودی عرب نہیں جا رہی ہے، عمران خان نے اپنی شادی کا اعلان کر دیا اس پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں، اﷲ تعالیٰ انہیں ایک بہت خوشگوار ازدواجی زندگی دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایل او سی پر سویلینز کو نشانہ بنانے کی بجائے کشمیری رہنمائوں اور پاکستان کیساتھ بیٹھ کر بات چیت کے ذریعہ خطہ میں دیرپا امن کو مضبوط کرنے کے لیے اقدام اٹھانا چاہئے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو کسی بین الاقوامی ا یجنڈے سے جوڑنا اسے شکست دینے اور سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ ان انتہاء پسند قوتوں کو بہانہ دینے کے مترادف ہے کہ ہمارے خلاف کارروائی امریکہ کے دبائو پر کی جارہی ہے جبکہ ایسا نہیں ہے اگر ایسے اقدام کے ذریعہ پاکستان کو کوئی اقتصادی نقصان پہنچایا جاتا ہے تو اس کا اثر ہمارے بجٹ پر پڑے گا۔ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کا ضرور اعتراف کرے گی اور ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے ہمیں دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششوں میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑے۔ عابد باکسر کو وطن واپس لانے کے سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ باہر سے لوگوں کو قانون کے مطابق لایا جاتا ہے اور انٹرپول کے ذریعہ قانونی ضابطے پورے کئے جاتے ہیں اور ملزمان کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ کی ضروریات پوری کرنے پر لوگ آ جاتے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس سی ایل کے ضابطے موجود ہیں اور کسی بھی محکمہ کی سفارش حتمی نہیں ہوتی اس کے کچھ پیمانے ہیںجن کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اگر ان کے مطابق ضروری سمجھا جائے تو ان افراد کو ای سی ایل پر ڈالا جاتا ہے اور اگر وہ اس معیار پر پورا نہ اترے تو اس سے اتفاق نہیں کیا جاتا ہے یہ کام ہم آج نہیں کررہے بلکہ ہر ہفتے یہی ہوتا ہے کہ ہمیں بے شمار سفارشات مختلف محکموں کی طرف سے آتی ہیں کہ لوگوں کو ای سی ایل پر ڈالا جائے اس کا وزارت داخلہ میں جائزہ لیا جاتا ہے جن کے حوالے سے ٹھوس کیس ہوتا ہے ان کے نام ڈال دیئے جاتے ہیں اور جن کے بارے میں یقین نہیں ہوتا کہ ٹھوس ثبوت یا بنیاد ہے تو ہم اس کو نہیں کرتے۔
احسن اقبال