نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس‘ سینٹ الیکشن‘ بلوچستان کے معاملات پر تبادلہ خیال
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نوازشریف کی صدارت میں جاتی امرا میں اجلاس ہوا جس میں سینٹ کے الیکشن بالخصوص بلوچستان کی صورتحال کے بارے میں غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ‘ نواب ثناء اللہ خان زہری‘ سردار یعقوب ناصر‘ خواجہ سعد رفیق‘ ڈاکٹر آصف کرمانی اور امیر فضل مندوخیل نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال‘ صوبے میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو اور سینٹ انتخابات پر غور و خوض کیا گیا۔ علاوہ ازیں سینٹ الیکشن کے سلسلے میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے لیگی پارلیمنٹیرینز کا اجلاس آج (منگل کو) طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں سینٹ انتخابات میں لیگی امیدواروں کو کامیاب کرانے اور ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ سینٹ الیکشن کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ آنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف نے سینٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کیلئے لیگی اراکین اسمبلی کا اجلاس آج لاہور میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں‘ فاٹا اور وفاقی دارالحکومت میں سینٹ الیکشن میں لیگی امیدواروں کو کامیاب کرانے سمیت لیگی پارلیمنٹیرینز کی جانب سے ممکنہ بغاوت اور دیگر امور پر غور کیا جائے گا۔