راولپنڈی اور پشاور کے ریلوے سٹیشنوں کی بھی تزئین و آرائش ہو گی
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے خانیوال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ راولپنڈی، پشاور اور لاہور ریلوے اسٹیشنوں کی ضروری مرمت، تزئین و آرائش پر مشتمل امپروومنٹ پلان کی منظوری دے دی ہے جبکہ بہاولپور ریلوے اسٹیشن کے باہر سڑک کو پنجاب حکومت کے تعاون سے کشادہ کیا جائے گا۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش اگلے ماہ شروع ہو جائے گی۔راولپنڈی اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے کام میں فرنٹ ہال کا نیا خوبصورت فرش بنایا جائے گا، تمام نئی لائٹس لگائی جائیں گی اور چھتوں کی مرمت کی جائے گی۔ یہ پراجیکٹ جون تک مکمل ہو جائے گا۔ آر ایچ کیو میں وفاقی وزیر ریلویز کو نیسپاک حکام کی طرف سے بریفنگ میں خانیوال ریلوے اسٹیشن کے ساڑھے تیرہ ہزار مربع فٹ پر روایتی اور جدید طرز تعمیر کے علیحدہ علیحدہ پانچ مجوزہ ڈیزائن پیش کئے گئے، وزیر ریلویز نے ہدایت کی کہ نیسپاک اگلے دس روز میں مزید بہتر ڈیزائن بنا کے پیش کرے۔ اجلاس میں وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ پچاس ملین سے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن کی امپروومنٹ بھی کی جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی کینٹ، حیدر آباد، روہڑی اور فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشنوں کے امپروومنٹ پلان تیار کر کے انہیں اگلے ہفتے بریفنگ دی جائے۔