کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ‘ بچہ شہید: پاک فوج کی جوابی کارروائی‘ چوکی تباہ‘ 2 انڈین فوجی ہلاک
اسلام آباد (این این آئی)بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں لائن آف کنٹرول پر 8 سالہ بچہ ایان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلا اشتعال فائرنگ کا یہ واقعہ ایل او سی کے قریب جاجوٹ گاؤں میں پیش آیا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گن کا استعمال کیا گیاٗ ایل او سی پر معصوم نہتے شہریوں کو بیدردی سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی فوج کی بربریت نے ایل او سی پر جاجوٹ گاؤں کے 8 سالہ ایان کی جان لے لی اور بھارتی فوج کی شہریوں کیخلاف کارروائیاں بھارت کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرتی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے والی بھارتی پوسٹ کو تباہ کر دیا۔پاک فوج کی کارروائی میں دو بھارتی فوجی ہلاک بھی ہوئے۔