فاروق ستار الطاف حسین کی زبان بول رہے ہیں، عاجز دھامرا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ نے فاروق ستار کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن اور متحدہ پاکستان میں کوئی فرق نہیں۔ فاروق ستار الطاف حسین کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی وضاحت کے بعد ان کے خلاف بیان بازی تعصب کے سوا کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کیوں بھول رہے ہیں کہ وہ اس الطاف حسین کے دست و بازو تھے جس نے بوری بند لاش متعارف کرائے اور کراچی کا امن برباد کر دیا۔ا نہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس نے بڑی جفاکشی کے بعد کراچی میں امن بحال کرایا، فاروق ستار جیسے لوگوں کو پرامن کراچی پسند نہیں ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں نوگو ایریا ایم کیو ایم نے ہی بنائے تھے جو ختم کر دئیے گئے ہیں۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ متحدہ کو آئندہ انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے۔