اسد جونیجو کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ن لیگی امیدوار برائے سینٹ اسد جونیجو کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار راجہ عمران اشرف عدالت میں پیش ہوئے۔اسد جونیجو اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسد خان جونیجو نے اپنے اثاثے چھپائے لہذا وہ صادق و امین نہیں رہے عدالت بطور الیکشن ٹریبونل اسد جونیجو کے کاغذات نامزدگی مسترد کرے اسد جونیجو نے کہا کہ اسد جونیجو نے اپنی تمام جائیداد ظاہر کی، وراثتی جائیداد پر کیس چل رہا ہے اس لیے وہ ظاہر نہیں کی۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ جو آپ کا حصہ ہے وہ جائیداد میں کلئیر ہے، بہنوں کی جائیداد پر تنازعہ ہو سکتا ہے۔ وکیل اسد جونیجو نے کہا کہ تمام وراثتی جائیداد پر کیس چل رہا ہے اس لیے ابھی وہ جائیداد ہماری ملکیت نہیں الیکشن ٹریبونل کا دائرہ اختیار بہت محدود ہے اگر کوئی الزام ہو بھی تو شوکاز نوٹس جاری کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے بعد میں سناتے ہوئے راجہ عمران اشرف کی درخواست مسترد کر دی ہے۔