ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے، رپورٹ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پلاننگ اور یو این ڈی پی کی پائیدار ترقی کے بارے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم کے پانی کے ذخائر کی گنجائش میں 2020تک 33فیصد کی کمی آجائے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے گزشتہ روز رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر کرنا اشد ضروری ہے۔ اس وقت پاکستان میں 14بڑے ڈیم بنائے جاسکتے ہیں جن میں بھاشا ڈیم، کالا باغ، داسو، بونجی ڈیم شامل ہیں۔ ان میں کالا باغ کو چھوڑ کر باقی ڈیموں پر کوئی تنازعہ نہیں۔ وزیر منصوبہ بندی نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے 11ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں۔ اب لوڈشیڈنگ محض 2گھنٹے تک ہے۔ ملک میں ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔2030تک پاکستان کا شمار دنیا کی 20ویں مضبوط معیشت والے ملکوں میں ہوگا۔