حیدرآباد: بیٹوں کی گرفتاری کیخلاف والد کا پریس کلب پر احتجاج
حیدرآباد( نمائندہ نوائے وقت) لطیف آباد یونٹ نمبر10 میں بسم اللہ سٹی میں 15 فروری کو گھر کے اندر قتل کی گئی دو خواتین صبا اور نازو کے سسر شہاب الدین نے قتل کے شبہے میں گرفتار اپنے دوبیٹوں کامران اور عاطف کی زندگی کے بارے میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مقتول خواتین کے شوہروں کو آزاد کیا جائے اور اصل قاتلوں کا پتہ لگایا جائے۔ شہاب الدین و دیگر اہل خانہ کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہو نے کہا کہ 15 فروری کو بسم اللہ سٹی میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ان کی دو بہوئوں صبا اور نازو کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا ۔۔ اس وقت دونوں گھر میں اکیلی تھیں تاہم پولیس نے ان کے دو بیٹوں کامران اور عاطف کو گرفتار کرلیا جن کی بیویوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔ ا نہوں نے کہا کہ سیکشن پولیس ان کے بیٹوں کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے بیٹوں کی جان خطرے میں ہے۔ ایسا نہ ہو کہ پولیس انہیں جعلی مقابلے میں قتل کردے۔ انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کراکر بہوئوں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور ان کے بیٹوں کی گرفتاری ظاہر کرکے انہیں رہا کیا جائے۔
حیدرآباد/ احتجاج