عوام اقتدار کی جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، ضیا عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستداں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ جھوٹ منافقت اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست سے عوام بے زار ہوچکے ہیں اب وہ ذاتی مفادات کی خاطر اقتدار کی جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے ملک کے وسیع تر مفاد میں ذات اور شخصیات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایسا کھلونا نہیں جو محض عوام کا دل بہلانے کے کام آئے۔ جمہوریت پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرنے کی ضرورت ہے جب تک جمہور کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے جمہوریت کا راگ الاپنے کا کوئی فائد ہ نہیں۔ سید ضیاء عباس نے منافقانہ سیاست کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کو کرپشن سے نجات دلانے کے لئے آخری حد تک جانا چاہئے۔
ضیا عباس