صاف پانی اور غذائیت کی کمی سنگین مسائل ہیں، مصطفی کمال
کراچی ( نیوز رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چئیرمین مصطفی کمال نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سنگین ترین قومی مسائل میں پینے کا صاف پانی اور غذائیت کی کمی شامل ہے۔ پاکستان کے تمام شہروں اور خصوصا کراچی اور لاہور میں فضلہ ملا زہریلا پانی پینے کے باعث مختلف بیماریوں اور اموات روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔ غذائیت کی کمی یعنی malnutrition کے باعث بچوں میں stunted growth یعنی ان کا قد اور ذہنی نشو نما کی کمی پائی جاتی ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق ملک میں تقریبا ایک کروڑ بچے اس بیماری کا شکار ہیں اور ریاست کی توجہ اور علاج کے منتظر ہیں دوسری جانب زہریلا پانی شہروں میں سپلائی ہونے کی وجہ سے UNICEFکی حالیہ رپورٹ کے مطابق 2017 میں 53000 بچے موت کا شکار ہوئے یعنی روزانہ 145 بچے اور ہر گھنٹے میں 6 سے 7 معصوم بچے زندگی سے محروم ہو رہے ہیں۔ ان کا قاتل کوئی دہشت گرد یا جرائم پیشہ فرد نہیں اور نہ ہی کسی ناگہانی آفت کے باعث ایسا ہو رہا ہے بلکہ ریاست اور حکومت کے لئے انتہائی شرمندگی کی بات ہے۔