آئیسکو میں بھرتیوں کے نام پر کروڑوں روپے بٹور کر نامعلوم کمپنی کو دے دیئے گئے
اسلام آباد(قاضی بلال)اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (آئیسکو)میں دوسال سے اشتہارات کے باوجودسینکڑوں بھرتیوں کا عمل نہ ہوسکا اورامیدواروں سے کروڑوں روپے بھی بٹو ر لئے گئے ۔ مارچ دوہزار پندرہ میں مختلف اوقات میںآئیسکو کی جانب سے 1568اور چار سو اٹھارہ آسامیوںکیلئے اشتہارات دیئے گئے اور اس حوالے سے ریسورس ایکسس کمپنی نے ٹیسٹ لینا تھے اور غریب امیدواروں سے چار سو پچاس روپے فی کس فیس بھی وصول کی گئی جس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے اس حوالے سے ان آسامیوںکی معطلی کی اطلاع بھی امیدواروں کو نہیں دی گئی ہے ایک بے نام کمپنی کو نوازنے کیلئے کروڑوں روپے غریب امیدواروں سے لیکر دیدیئے گئے ہیں نوائے وقت کے پاس دستاویز کے مطابق چاروںصوبوں کے کوٹے کے مطابق مختلف نشستوںکا اعلان کیا گیا اور اس حوالے سے بغیر وجہ بتائے ٹیسٹ انٹرویو کیسنل کر دیئے گئے ۔ امیدواروںکی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا مگر اس کا کوئی فائدہ نہ ہوا ۔ ذرائع کے مطابق اب نئے سرے سے نئی فیسیں لینے اور این ٹی ایس کی سے ٹیسٹ لینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں تاکہ لوگوں سے مزید پیسے بٹورے جا سکیں ۔ذرائع کے مطابق اس وقت ورک لوڈ بہت زیادہ ہے جبکہ عملہ کی شدید کمی ہے ہر دفتر میں پانچ فیصد عملہ کم ہے اور اوور ٹائم پر کام کرنے پر مجبور ہے ۔اس حوالے سے ترجمان آئیسکو سے موقف لینے کیلئے متعدد بار فون کیا گیا انہوں نے فون اٹینڈ نہ کیا اسی طرح سی ای او رانا عبدالجبار نے بھی فون اٹینڈ نہ کیا ۔