نین سکھ: فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے آگ لگ گئی، ایک مزدور جھلس کر جاں بحق، 10 زخمی
لاہور+ فیروزوالا (نامہ نگاران) سگیاں پل کے قریب نین سکھ چوک باغبانپورہ میں گتہ ساز فیکٹری میں بوائلر پھٹ جانے سے آگ لگ گئی۔ ایک مزدور شرافت علی بری طرح جھلس کر جاں بحق اور دس مزدور زخمی ہو گئے۔ فیکٹری میں آگ لگ جانے سے فیکٹری کی چھتیں دیواریں گر گئیں۔ لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ نین سکھ چوک کے قریب ایک گتہ ساز کی فیکٹری میں مزدور کام کر رہے تھے اچانک فیکٹری میں نصب بوائلر پھٹنے سے فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آ کر گیارہ مزدور بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر ایک شرافت دم توڑ گیا جبکہ دیگر زخمی مزدوروں ذکاء اللہ، مبشر، وسیم، ندیم وغیرہ کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ دو زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔ فیکٹری مالک کو حراست میں لے لیا۔ ادھر آتشزدگی کے واقعہ پر ضلعی انتظامیہ نے فیکٹری کو سیل کر دیا ہے۔