جہانیاں (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں نے پاکستان کو مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے، ناانصافی کے خاتمہ سے قوم صحت یاب ہو جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کے نواحی گاﺅں چک نمبر 115 دس آر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ سب سیاستدانوں کا احتساب کیا جائے ہم سب سے پہلے احتساب کیلئے (ن) لیگ کو پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب عدلیہ سے متعلق تمام معاملات حل ہو چکے ہیں اب 17ویں ترمیم کے خاتمے کا وقت بھی قریب آ چکا ہے پہلے ہی سیاستدان دو سال ضائع کر چکے ہیں۔ جس کا حساب بھی عوام کو دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سترہویں ترمیم کے خاتمے کے بعد سیاستدانوں کیلئے صرف ایک ہی ایجنڈا رہ جاتا ہے اور وہ ہے عوام کے مسائل کا حل، ملک سے مہنگائی اور بےروزگاری کے خاتمے کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کی سیاسی صورتحال میں وہ پیپلز پارٹی کے حق میں ہیں کہ وہ پانچ سال پورے کرے لیکن انہیں من مانیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اس وقت ملک بھر میں بڑی اپوزیشن ہے اور وہ عوام کے بنیادی حقوق کیلئے حکومت پر دباﺅ بڑھائے گی مرکزی اور پنجاب حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کریں تمام سیاسی قوتوں کو قوم کے معاشی مسائل کے حل کے ایجنڈے پر کام کرنا ہو گا اس موقع پر چودھری خلیل احمد گھمن، محمد عارف سعید، خالد محمود، ملک ممتاز حیدر، ملک عباس، چودھری ثناءاللہ ایڈووکیٹ اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024