کراچی سٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے اختتام پر تیزی‘ کے ایس ای انڈکس 9900 کی نفسیاتی حد پر برقرار
کراچی (این این آئی) کراچی سٹاک ایکسچینج میںتیزی کا تسلسل جاری ہے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو اتار چڑھاﺅ کے بعد تیزی رہی اور تاہم کے ایس سی 100 انڈکس ایک بار پھر 9900 کی نفسیاتی حد پر برقرار رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں4 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ۔ کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت22.36 فیصد زائد جبکہ 51.13 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومتی مالیاتی اداروں اداروں، مقامی بروکریج ہاﺅسز، انفرادی نوعیت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص حصص کی قیمتوں میں خریداری کا آغاز 89 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 9978 سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم دوران ٹریڈنگ مقامی بینکوں، میوچل فنڈ سیکٹر اور مقامی انفرادی نوعیت کے سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی آف لوڈنگ، پرافٹ ٹیکنگ اور فروخت کے دباﺅ کے باعث کے ایس سی 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 13.32 پوائنٹس اضافے سے 9902.62 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر397 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 203 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ، 175 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں کمی جبکہ 19 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں استحکام رہا۔