اسلام آباد (سجاد ترین / خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی داخلی بخران کا شکار ہوتی جا رہی ہے‘ بلدیاتی انتخابات سے قبل ہی پیپلز پارٹی فریال گروپ اور نظریاتی گروپ میں تقسیم ہو چکی ہے‘ نظریاتی گروپ میں بےنظیر بھٹو کے قریبی ساتھی شامل ہیں‘ نظریاتی گروپ کا اجلاس بلانے کےلئے ناہید خان‘ صفدر علی عباسی‘ میاں رضا ربانی‘ نواب یوسف تالپور‘ مخدوم امین فہیم‘ سید ظفر علی شاہ‘ آفتاب شعبان میرانی‘ نبیل گبول‘ تاج حیدر‘ مولا بخش چانڈیو‘ چودھری اعتزاز احسن‘ آغا ریاض الاسلام‘ راجہ شاہد ظفر‘ پلوشہ خان‘ ساجدہ میر‘ سردار سلیم‘ ملک حاکمین خان‘ چودھری غلام عباس سمیت مختلف اہم رہنماوں سے رابطے کئے جا رہے ہیں‘ آئندہ ہفتہ میں اجلاس ہونے کا امکان ہے‘ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق آئندہ بلدیاتی الیکشن کےلئے صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور جن لوگوں کو امیدوار نامزد کر رہی ہیں نظریاتی گروپ ان کے خلاف پارٹی کے جیالوں کو امیدوار نامزد کرنے پر غور کر رہا ہے‘ یہ امیدوار ”بی بی کا سپاہی“ کے نام سے انتخاب لڑیں گے۔ نظریاتی گروپ کا اجلاس بلانے کےلئے متحرک ہونے والے ایک رہنما نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اندرون سندھ ایسے لوگوں کو امیدوار بنایا جا رہا ہے جن کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں رہا اور پارٹی کے جیالوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے جس سے ان لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں آفتاب شعبان میرانی‘ سید ظفر علی شاہ‘ نواب یوسف تالپور کے بدترین مخالفوں کو پیپلز پارٹی کا امیدوار نامزد کرنے کے لئے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں جس سے پارٹی کے اندر ایک محاذ آرائی شروع ہو گئی جس میں آنے والے دنوں میں مزید شدت کا امکان ہے۔
یران-اسرائیل کشیدگی اور مہنگائی کی لہر
Apr 15, 2024