پاکستان میں ایشیا کپ بیس بال ٹورنامنٹ کا انعقاد سکیورٹی کلیئرنس پر منحصر ہے : شوکت جاوید
لاہور(سپورٹس رپورٹر) 9 ویں ایشیا کپ بیس بال ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی طرف سے ملنے والی سکیورٹی کلیئرنس پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار بیس بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سابق آئی جی پنجاب پولیس شوکت جاوید نے پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا ایشین بیس بال فیڈریشن نے پاکستان کو ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کی پیش کش کی ہے لیکن ابھی ہم نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا ہے ہمیں حکومت کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا جیسے ہی حکومت کی اجازت مل گئی پندرہ ایشین ممالک کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دیدی جائیگی اور یہ ٹورنامنٹ اسلام آباد میں منعقد کیا جائیگا۔ اس موقع پر سیکرٹری بیس بال فیڈریشن آف پاکستان خاور شاہ نے بتایا کہ فیڈریشن کے زیر اہتمام بین الصوبائی بیس بال چیمپئن شپ کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگی جس میں چاروں صوبائی ٹیموں کے علاوہ اسلام آباد کی ٹیم حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا چیمپئن شپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا تاکہ ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا انتخاب عمل میں لایا جا سکے۔ منتخب کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بلایا جائیگا اور کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے اگر غیر ملکی کوچ کی خدمات بھی حاصل کرنا پڑیں تو اس کی کوشش کرینگے۔