سوات معاہدہ حوصلہ افرا نہیں‘ نائن الیون‘ ممبئی حملوں اور سوات پر قابض عسکریت پسندوں کی جڑیں ایک ہیں : ہالبروک
واشنگٹن (آن لائن+ ریڈیو نیوز) امریکہ کے پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے سوات میں امن معاہدے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے حالیہ پیش رفت حوصلہ افزا نہیں ہے تاہم کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہو گا۔ اس معاملے کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود کے آئندہ ہفتے دورہ واشنگٹن میں اٹھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا۔ ہالبروک کا کہنا تھا کہ سوات کے امن معاہدے پر ہم پریشانی اور ابہام کا شکار ہیں کیونکہ یہ حوصلہ افزاء اقدام نہیں ہے، ماضی میں بھی جنگ بندی معاہدے توڑے گئے ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ یہ علاقہ ’’برے لوگوں‘‘ کے ہاتھوں میں چلا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ٗبھارت اور امریکہ کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے۔ نائن الیون حملوں ٗ ممبئی حملوں اور سوات پر قبضہ کرنے والے عسکریت پسندوں کی جڑیں ایک ہی ہیں۔ ہالبروک نے کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہئے کہ پاکستان کی توجہ مغربی سرحد پر مرکوز رکھنے کیلئے ہمیں اس کی بھارت کے ساتھ کشیدگی کو کم کرانا ہوگا۔ دریں اثناء رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ افغانستان میں فوجی کارروائی سے مکمل فتح ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طالبان کیلئے پناہ گاہوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ باجوڑ میں خراب حالات اور لڑائی کی وجہ سے میرا ہیلی کاپٹر لینڈ نہ کر سکا۔ پشاور کے دس لاکھ افراد محاصرے میں ہیں جبکہ لاہور کی صورتحال بھی خراب ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق یہ بات انہوں نے پاکستان اور افغانستان سے متعلق امریکی پالیسی پر نظرثانی کیلئے اہم اجلاس کے دوران کہی، اجلاس میں امریکی جنرل پیٹریاس‘ افغانستان اور پاکستان کیلئے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک‘ بروز رائیڈل اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء امریکہ نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے ملزم اجمل قصاب کی حوالگی پاکستان اور بھارت کے درمیان کا معاملہ ہے۔ اجمل قصاب کے مقدمے کی سماعت منصفانہ اور آزادانہ ہونی چاہیے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام ترجمان گورڈن ڈگڈ نے کہا کہ اس سلسلے میں ہمارا پاکستان اوربھارت سے رابطہ ہے ایک اورسوال پر ترجمان نے اقوام متحدہ کے مغوی اہلکار جان سولیکی کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں پاکستان میں اقوام متحدہ کے مغوی اہلکار جان سولیکی کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور اس سلسلے میں ہمارا عالمی ادارے سے مسلسل رابطہ ہے ہمیں سولیکی کی سلامتی کے بارے میں سخت تشویش ہے کیونکہ وہ بالکل بے گناہ ہے اور کسی بھی طرح غلط سرگرمیوں میں ملوث نہیں لہذا اسے فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔ دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کی مجموعی صورتحال تویشناک ہے جس کی وجہ سے ہم پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی پالیسی پر نظرثانی کر رہے ہیں اگر پاکستان معاشی طور پر غیر مستحکم ہوا تو اس سے انتہا پسندی میں مزید اضافہ ہوگا سوات امن معاہدے میں کچھ باتیں واضح نہیں جن کی وضاحت سے پہلے اس پر تبصرہ قبل از وقت ہوگا۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ٹوکیو میں بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بدحالی کا شکار نہ ہونے دیا جائے ورنہ انتہا پسندوں پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام پوری دنیا کیلئے اہم ہے انہوں نے کہا پاکستان انتہا پسندوں اور ان کے اتحادیوں کی جنت ہے اور عالمی بحران کی وجہ سے پاکستانی معیشت زیادہ دبائو میں ہے۔
ہالبروک
ہالبروک