اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد سعد رفیق کے جاری قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیئے ۔قومی اسمبلی کا جاری اجلاس جمعہ کے روز غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا جائے گا۔ اپوزیشن ارکان سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنے کے خلاف مسلسل احتجاج ریکارڈ کروا رہے تھے اور اسمبلی کی کاروائی کا بائیکاٹ بھی کر رہے تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کیے گئے تو وہ اسمبلی اجلاس کی کاروائی نہیں چلنے دیں گے۔ جمعرات کے روز اسپیکر قومی اسبملی اسد قیصر نے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیئے ۔ اس حوالہ سے اسد قیصر نے گذشتہ روز وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان سے مشاورت مکمل کر لی تھی۔ دونوں قانونی ماہرین کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کے قوائد 2007 کے رول نمبر 108 کے تحت کسی بھی رکن کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر کے اسے ایوان میں بلا سکتے ہیں اور اس میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کی کاپی نیب لاہور کو بھجوائی جائے گی اور نیب لاہور سعد رفیق کا احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لینے کے بعد انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد لائے گی۔ توقع ہے کہ سعد رفیق جمعہ کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024