ثاقب میموریل ٹورنامنٹ ، پاک فرمان کرکٹ کلب کی سیمی فائنل میں رسائی
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) پاک فلیگ کرکٹ کلب کے سی سی اے زون دو کے زیر ا ہتمام منعقدہ محمد ثاقب میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں پاک فرمان کرکٹ کلب نے شائنو اسپورٹس کو با آسانی 156 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ٹی ایم سی گراونڈ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاک فرمان کرکٹ کلب نے مقررہ 35 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کئے ۔ حظیفہ الحسن نے 67 رنز، انڈر 19 بیٹسمین محمد کاشان نے 64 رنز ، انڈر 19 وکٹ کیپر بیٹسمین سید آریان علی نے 58 رنز اور انڈر 19 آل راونڈر طلحہ احسان نے 24 رنز اسکور کئے ۔محمد عدنان الحق نے 45 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں شائنو اسپورٹس کی پوری ٹیم 20.5 اوورز میں 106 رنز بناکر آوٹ ہوگئی ۔ فیاض عامر نے 31 رنز اور حماد احمد نے 22 رنز اسکور کرسکے ۔ پاک فرمان کرکٹ کلب کے انڈر 19 لیفٹ آرم اسپنر سید طیب اور طلحہ احسان نے بالترتیب 16 اور 26 رنز دیکر 3,3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ انڈر 19 میڈیم فاسٹ بولر منیرالرحمان اور انڈر 19 آل راونڈر غازی عباد ناصر نے بالترتیب 26 اور 31 رنز دے کر2,2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ طلحہ احسان کو لگاتار دوسری مرتبہ مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ایمپائرنگ کے فرائض زاہد اقبال اور جاوید جعفری نے سر انجام دیئے ، ناظم الدین آفیشل اسکورر تھے ۔ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ۔ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل جمعہ 21 دسمبر کو پاک فرمان کرکٹ کلب اور جوہر آباد کرکٹ کلب کے مابین ٹی ایم سی گراونڈ پر کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل پیر 24 دسمبر کو داود اسپورٹس اور سرسید کرکٹ کلب کے مابین ٹی ایم سی گراونڈ پر کھیلا جائے گا۔