اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان آج ملتان ، گوجرانوالہ اور لاہور میں ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ توسیعی منصوبے کا آغاز کرینگے ۔
اس اقدام کے تحت مزدور ، روزانہ اجرت کمانے والے ، خواتین اور بچوں میں پکا ہوا کھانا ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔
وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں چار فوڈ ٹرک بھی لانچ کریں گے جو ملتان ، گوجرانوالہ اور لاہور میں روزانہ اجرت کمانے والوں کو مفت کھانا فراہم کریں گے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر وزیر اعظم کو تین اضلاع میں مفت فوڈ سروس کے توسیعی منصوبے پر بریفنگ دیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کاکہنا ہے کہ احساس کے نام سے جعلی میسجزپھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ان کا کہنا ہے کہ ان دنوں احساس رجسٹریشن کےحوالے سے متعددجعلی آن لائن لنکس، موبائل ایپس، ایس ایم ایس پیغامات اورفون کالزسوشل میڈیا اورعوامی حلقوں میں زیرگردش ہیں۔
عوامی آگاہی کے لئے میرا یہ معلوماتی ویڈیو عوام تک زیادہ سےزیادہ پہنچائیں تاکہ وہ بدعنوان عناصر سے ہوشیار رہیں۔ہم بدعنوان عناصر کےساتھ سختی سےنمٹیں گے۔
یادرہے کہ ملک میں احساس پروگرام کے نام سے ایس ایم ایس پیغامات کے ذریعے لوگوں کو رقوم منظور ہونے کے پیغامات دیئے جاتے ہیں اور رابطہ کرنے پر انہیں ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے پیسے بھجوانے کا کہا جاتا ہے۔