لاہور کی احتساب عدالت کے جج چوہدری حسن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد سعد رفیق اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہائوسنگ سکینڈل ریفرنس کی سماعت4 ستمبرتک ملتوی کر دی۔ 4 ستمبر کو خواجہ برادران پر کیس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ منگل کے روز خواجہ برادران پر پیراگون ہائوسنگ سکینڈل ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونا تھی تاہم خواجہ برادران کے وکیل خواجہ امجد پرویز نے مئوقف اختیار کیا کہ ان کے مئوکلین کو ریفرنس کی واضح نقول فراہم نہیں کی گئیں اس لئے فرد جرم عائد نہ کی جائے اور ریفرنس کی واضح نقول فراہم کرنے کے بعد فرد جرم عائد کی جائے۔ عدالت کے جج چوہدری حسن نے خواجہ برادران کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 4ستمبر تک مئوخر کر دی اور نیب حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے قبل خواجہ برادران کو ریفرنس کی واضح نقول فراہم کی جائیں۔ جبکہ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوا دیا ہے۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر صبح ساڑھے نو بجے سے پہلے دونوں بھائیوں کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ خواجہ برادران کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024