نواز شریف کا ایٹمی پاکستان ناقابل تسخیر ہے‘ بلال اعجاز شفیع
کراچی(نیوزرپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما NA-249 سے الیکشن لڑنے والے میاں بلال اعجاز شفیع نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے مدہوشی کے عالم میں دئیے گئے بیانات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ قائد نواز شریف کے ایٹمی پاکستان پر ایٹمی حملوں کی دھمکیاں دینے والوں کا نام نشان مٹانے کے لئے تیار ہے۔ ہٹلر کی اولادوں کو اتنی مہلت ہی نہیں ملے گی کہ وہ پاک سرزمین پر ایٹمی حملہ کرسکے یا آزاد کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام بھارتی حکمرانوں کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ بھارت کے حکمرانوں نے مدہوشی میں دئیے گئے بیانات پر توبہ نہ کی تو وہ سب یاد رکھیں کہ پاکستانی قوم بھارتیوں کو ایسا سبق سکھائے گی کہ بھارتیوں کی بچ جانے والی نسلیں بھی پاکستان کے نام سے خوف کھایا کریں گی۔ میاں بلال اعجاز شفیع نے بھارتی وزیر دفاع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا راج ناتھ جی ! آنکھیں کھول کر بات کریں۔ ہم دھمکیاں نہیں دیتے دشمنوں کے دانت کھٹے کر کے دکھاتے ہیں۔بھارتی حکمران مت بھولیں کہ قائد نواز شریف نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ بھارتی زیر دفاع کے احمقانہ بیانات بھارت کو راج ناتھ مندر میں تبدیل کرنے کا سبب بنیں گے۔بلال اعجاز شفیع نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کے ڈویژن کے سابق سینئر نائب صدر حاجی شیخ محمد شاہجہاں، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صوبائی صدر یاسر عدیل شیخ اور مسلم لیگ(ن) ضلع غربی کے سیکریٹری اطلاعات عبد الحمید بٹ کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے تنظیمی معاملات پر گفتگو کررہے تھے۔حاجی شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے عروج کے وقت قائد نواز شریف کے دوست اور سیاسی رفیق میاں اعجاز شفیع دو مرتبہ کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہو سکتے ہیں تو آج کے حالات میں ہماری جماعت کراچی کی اکثریتی نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کی نگاہیں قائد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ مرکزی اور صوبائی قیادت کی توجہ اور بہتریں تنظیم سازی سے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی سیاست کا رخ بدل سکتی ہے۔