جماعت اسلامی کے تحت یکم ستمبر کو آزادی کشمیر مارچ ہوگا ٗحافظ نعیم
کراچی(نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ اتوار یکم ستمبر 3بجے دن شاہراہ فیصل پرآزادی کشمیر مارچ کیاجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امراء کراچی برجیس احمد ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، سکریٹری کراچی عبدا لوہاب، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ جمعہ 23اور30اگست کو مساجد کے باہر اورمہم کے دوران اہم چوکوں ، چوراہوں اور مساجد کے باہر مظاہرے اورکارنر میٹنگز منعقد اور ریلیاں نکالی جائیں گی ،جے آئی یوتھ کے تحت کشمیر کے حوالے سے مختلف مقامات پر تصویری نمائش کا اہتمام کیا جائے ،نوجوان ہاتھوں کی زنجیر بناکرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ علماء سے اپیل کی جائے گی کہ 23 اور 30 اگست کو منبر و محراب سے اپنے خطبات میں کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بھارت کی مذمت کریں ۔انہوںنے کہاکہ پریس کلب اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے تعاون سے کشمیر کے حوالے سے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے ، ہم پوری دنیا کو ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘کے ذریعے یہ پیغام دیں گے کہ ’’امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ،کراچی ‘‘اہل کشمیر اور اہل فلسطین کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 370اور35Aکے قانون کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بناکے شہریوں کو مکمل یرغمال بنالیاہے ،مقبوضہ کشمیر کو اس وقت جیل خانہ بنادیا گیا۔ عالمی دنیا کی کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموشی ٗاور لاتعلقی افسوس ناک ہے ،بھارت کی جانب سے عالمی قوانین کو پاؤں تلے روندا جارہا ہے ۔آج ہمارے حکمران زمینی خداؤں کے سامنے جھکے ہوئے ہیں اور ڈرتے ہیں کہ اگر ہم نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فو ج اتاری تو ہماری معیشت خطرے میں آجائے گی۔