کشمیریوں کی نسل کشی عالمی فوجداری عدالت کا مقدمہ قرار
کراچی (نیوز رپورٹر)عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی نسل کشی عالمی فوجداری عدالت میں جانے کا واضح کیس ہیں۔ حکومت نے ملکی و غیر ملکی بین الاقوامی قوانین کے ماہرین سے اب تک کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر مشاورت تک گنوارہ نہیں کی۔ جبکہ 7 رکنی کشمیر کمیٹی میں وزیر قانون کو شامل نہ کرنا حیرت کی بات ہے۔ تاہم یہ ضرور ہے کہ سلامتی کونسل میں 50 برس بعد کشمیریوں کی آواز پہنچانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ یہ آسان کام نہیں تھا، مگر ہمیں دوبارہ سلامتی کونسل میں جانے کی تیاری کرنی چاہیئے۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں آرٹیکل 35A اور 370 کے ختم ہونے کے بعد وہی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جو 1948 میں تھی۔ کشمیر کے بارے میں کوئی کہہ ہی نہیں سکتا ہے کہ وہ متنازع علاقہ نہیں ہے، کیونکہ بھارت نے تو 26 اکتوبر 1947 کو مہاراجہ ہری سنگھ سے ہونے والے معاہدے کی بھی نفی کر دی ہے۔