نارتھ ناظم آباد بلاک ایف کے رہائشی گٹر کا پانی پینے پر مجبور!
کراچی ( نوائے وقت رپورٹ)کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت کی وجہ سے نارتھ ناظم آبادبلاک ایف کے رہائشیوں کی زندگی ا جیرن ہو گئی ہے۔ اور شہریوںنے وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر بورڈحکام کے خلاف سخت ایکشن لیا جا ٰئے۔ بلاک ایف کے رہا ئشیوں نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے سے کرن اسٹریٹ اور دوسری گلیوں میں گٹر کا پانی باہر نکل کر سڑک پر جمع ہو رہا ہے اور حالیہ بارشوں کے بعد پینے کے پانی کی لا ئنوں میں بھی گٹر کا پانی آرہاہے۔ کرن اسٹر یٹ کے رہائشی پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو ر ہے ہیں اور انہوںنے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ نارتھ نا ظم آباد کے علاقے میں گٹر کے پانی کی وجہ سے پولیو اور ٹائیفائیڈ کا مرض پھیل رہا ہے۔ نارتھ نا ظم آباد بلاک ایف کے رہائشی اپنا مسئلہ کئی مرتبہ واٹر بورڈ کے حکام کی توجہ میں لا چکے ہیں مگر ان کی بے حسی اورمجرمانہ غفلت نے شہریوں کو ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا کر دیاہے۔انہوںنے واٹر بورڈ سے بھی گزارش کی ہے کہ واٹر بورڈ نارتھ نا ظم آباد کے عملے کو عوام کے مسا ئل حل کرنے کیلئے پابند کیا جائے۔شہریوں نے کہاکہ اگر واٹر بورڈ کے حکام نے ان کا پانی اور سیورج کا مسئلہ حل نہیں کیا تو واٹر بورڈ کے دفاتر کا گھیرائو کریں گے اور حکام کی غفلت اور مجرمانہ لاپرواہی کے خلاف ایف آئی آر کٹوائیں گے۔