کوئلہ کی غیر محفوظ منتقلی،سپریم کورٹ کا سیکرٹری بلدیات‘پاکستان ریلوے و دیگر کو نوٹس
کراچی (وقائع نگار)سپریم کورٹ نے بندرگاہ سے کوئلہ کی غیر محفوظ منتقلی اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق چیئرمین پورٹ قاسم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، پاکستان ریلوے، صوبائی محکمہ ماحولیات اور دیگر کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علیشاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو بندر گاہ سے کوئلہ کی غیر محفوظ منتقلی اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق چیئرمین پورٹ قاسم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ماحولیاتی آلودگی کراچی شہر کے لیے بہت بڑا سنگین مسئلہ ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پورٹ انتظامیہ کو کوئلہ محفوظ طریقے سے رکھنے کی ہدایت کی۔ عدالتی احکامات کے باوجود پورٹ قاسم پر کوئلہ کھلے آسمان تلے پڑا ہے۔ کوئلہ کی غیر محفوظ طریقے سے ترسیل سے شہر میں خطرناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریماکس دیئے ہم نے پابند کیا تھا مقررہ حد سے ذیادہ کوئلہ ٹرمینل پر نہ رکھیں۔