نیپرا کے دیئے گئے ٹارگٹ کو ہر صورت میں پورا کیا جائے،آئیسکو چیف
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)آئیسکو چیف چوہدری شاہد اقبال نے کہا ہے کہ نیپرا کے دیئے گئے ٹارگٹ کو ہر صورت میں پورا کیا جائے اور ریکوری ، لائن لاسزپر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کو بروئے کا ر لایا جائے۔آئیسکو چیف نے مزید کہا کہ لائن سٹاف کام کے دوران سیفٹی کو کسی صورت بھی نظرانداز نہ کرے اور لائن پر کام کے دوران مکمل ارتھ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار آئیسکو چیف نے آپریشن سرکل راولپنڈی کی ماہانہ کارکردگی میٹنگ کے دوران کیا ۔ میٹنگ کے دوران آئیسکو چیف کو راولپنڈی سرکل کی ماہ جولائی کے دوران لائن لاسز، گورنمنٹ و پرائیوٹ نادہندہ صارفین سے ریکوری ، بجلی چوری، نئے کنکشنز کی فراہمی اور سیفٹی حیزرڈ پوائنٹس کی منتقلی کے متعلق حاصل کئے جانے والے اہداف کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آئیسکو چیف کا کہنا تھا کہ تمام ایس ڈی اوز اپنے اپنے دائرہ کار میں بجلی چوری کو چیک کریں اور ایسے نادہندہ صارفین جن کے کنکشنزمنقطع کر دیئے گئے ہیں مگر پھر بھی وہ کسی دوسرے ذریعے سے بجلی استعمال کر رہے ہیں تو ایسے صارفین سے ریکوری کو 100فیصد یقینی بنایا جائے کیونکہ کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ بجلی تو استعمال کرے مگر اُس کی ادائیگی نہ کرے ، اس طرح بجلی چوری میں مزید کمی بھی لائی جاسکتی ہے۔ آئیسکو چیف نے مزید کہا کہ سسٹم کو مزید اپ گریڈ کیا جائے اور بجلی چوروں کے خلاف مزید تیزی سے کاروائیاں عمل میں لائی جا ئیں۔ آئیسکو چیف نے افسران سے کہا کہ ملازمین کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے سلسلے میں کسی بھی قسم کا دبائو برداشت نہ کیا جائے اور جن ملازمین کے خلاف انکوائریاں زیرِالتوا ہیں ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔