آغاسراج درانی سندھ اسمبلی کے طویل ترین عرصے تک منصب پر رہنے والے اسپیکر بن گئے
کراچی (نوائے وقت نیوز)سندھ اسمبلی کے اسپیکرآغاسراج درانی سندھ اسمبلی کی تاریخ کے طویل ترین عرصے تک اپنے منصب پر رہنے والے اسپیکر بن گئے ہیں ،انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سندھ اسمبلی کے ایوان نے پیر کو ایک مشترکہ قرارداد منظور کرلی۔ایوان میں یہ قرارداد جی ڈی اے کے رکن عارف جتوئی اور پیپلزپارٹی کے مکیش کمار چالہ نے پیش کی تھی۔قرارداد میں کہا گیا تھا کہ آغاسراج درانی مسلسل اسپیکر سندھ اسمبلی کے منصب پر فائز ہیں اور انہیں طویل ترین اسپیکر کااعزاز ملنے پر سندھ اسمبلی انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اسپیکر نے اس قراداد پر ایوان اور ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے پہلے اس منصب پر میرے بزرگ بھی فائزرہے ہیں۔وزیر پارلیمانی امور مکیش کمارنے کہا کہ دعاگو ہیں کہ آغاسراج درانی اس منصب پر مزید فائز رہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ قراداد لانے کی ضرورت نہیں تھی ۔قراداد پر عبدالرشید اورخواجہ اظہار کے بھی دستخط تھے تاہم تحریک انصاف کے اراکین نے دستخط نہیں کئے۔ بعدازاں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔