تشخیصی سہولیات پربڑھائی جانیوالی فیسوں پر تشویش ہے:پی ایم اے
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں تمام تشخیصی سہولیات پر بڑھائی جانے والی فیسوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتی ہے ۔حکومت پنجاب کے اس اقدام سے سرکاری ہسپتالوں میں جانے والے مریض سخت معاشی مشکلات کا شکار ہو جائیں گے ۔پی ایم اے کے مرکزی رہنما قیصر سجاد ب نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پنجاب کے اس ظالمانہ اقدام سے غریب عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گا ۔ یہ ظلم کسی بھی طرح سے قابل قبول نہیں کیونکہ صحت پاکستانی عوام کا بنیادی حق ہے اور آپ ان کو اس حق سے محروم نہیں رکھ سکتے آپ کے اس بے رحم فیصلے کا مطلب ہے کہ غریبوں کو بغیر تشخیص اور علاج کے مرنے دیا جائے ۔اس نوٹیفیکشن کے مطابق حکومت روز مرہ کے ہونے والے ضروری ٹیسٹوں پر بہت زیادہ فیس وصول کرے گی ۔پی ایم اے حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس نوٹیفیکشن کو فوری طور پر واپس لے تاکہ غریب مریض سکھ کا سانس لے سکیں کیونکہ علاج کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں جانے کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہیں۔