’’ہر بشر دو شجر‘‘ پنجاب میں شجرکاری مہم کا آغاز
وزیر اعلیٰ کا مانگا منڈی میں شجرکاری مہم کا افتتاح۔ 4 سال میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ کا ہدف پورا کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کا ’’ہر بشر دو شجر‘‘ کی تقریب سے خطاب
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مانگا منڈی کے علاقہ خود پور میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم 2019ء کا افتتاح کیا۔ اس سال شجر کاری مہم کا لوگو ہے ’’ہر بشر دو شجر‘‘ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب حقیقت میں پنجاب کو سرسبز و شاداب دیکھنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب بھر میں محکمہ جنگلات کی طرف سے عوام میں شجرکاری کے لیے مفت پودے بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔ اگر شہری بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے حصے کے دو پودے لگائیں تو یہ مہم کامیاب ہو سکتی ہے۔ پاکستان میں ہر سال شجرکاری مہم دو مرتبہ چلائی جاتی ہے۔ اس موقع پر تقاریب بھی ہوتی ہیں اور پودے بھی لگائے جاتے ہیں۔ مگر بعد میں وہ ثمرات کہیں بھی نظر نہیں آتے جن کی ضرورت ہے۔ عوام اور سرکاری ادارے پودے لگا کر بھول جاتے ہیں کہ ان کی حفاظت اور نشوونما بھی ان کی ہی ذمہ داری ہے جس سے غفلت کے باعث یہ مہم ضائع ہو جاتی ہے۔ اکثر علاقوں میں صرف کاغذی کارروائی ہوتی ہے۔ ایسے واقعات کی تحقیقات بھی ضروری ہے اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔ اگر ہر پاکستانی اپنے حصہ کے دو پودے لگا کر ان کو پروان چڑھائے تو بہت جلد صرف پنجاب ہی نہیں پورا پاکستان سرسبز ہو سکتا ہے۔ یہی حکومت کا منشور بھی ہے…