ماحولیاتی آلودگی اور کرہ ارض
مکرمی! ماحولیات کے حوالے سے دنیا ایک انتہائی حساس دور سے گزر رہی ہے لیکن اس دنیا کا رہائشی انسان اس معاملے پر وہ توجہ نہیں دے رہااس پس منظر میں اگر پاکستان کا ذکر کیا جائے تو انتہائی افسوس ناک صورت حال سامنے آتی ہے۔ پاکستان کا ایک عام آدمی اس مسئلے کے حقیقی مضمرات سے سرے سے ہی آگاہ نہیں جبکہ اچھے خاصے باخبر لوگ بھی اس مسئلے پر توجہ نہیں دے رہے اور تو اور ہمارے سیاسی لیڈروں کو بھی اس کی اہمیت کا احساس نہیں۔ زیادہ سے زیادہ یہ ہوتا ہے کہ جب ماحولیات کا سالانہ عالمی دن منایا جاتا ہے تو اس میں ہم بھی شریک ہو جاتے ہیں۔ پاکستان بھی ماحولیاتی مسائل سے دو چار ہے۔ جس میں آب و ہوا کی آلودگی سر فہرست ہے۔ پاکستان میں کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی اور تازہ و صاف ہوا میسر نہیں ۔ دنیا میں حکومتیں ماحولیاتی تحفظ کے لیے ادارے بناتی ہیں تا کہ عوام کو زندگی بہترین سہولیات مہیا کر سکیں۔ ماحولیاتی آلودگی کوڑا کرکٹ، گندگی اور بیماریاں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ آلودگی کی تمام اقسام سے بچنے کے لیے حکومت شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔(سلمیٰ بابر، اسلامی کالج کوپر روڈ لاہور)