
وزیرِاعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق سربراہ احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔وزیرِاعظم عمران خان نے یہ اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ایک پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس میدان میں وسیع تجربہ رکھنے والے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے ناصرف آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ وہ 3 سال تک آئی سی سی کے خزانچی اور سربراہ کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چئیرمین احسان مانی کا ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کرنیکا عزم۔ احسان مانی نے وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کا ویژن میرا وژن ہے، عمران خان ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ مضبوط ہو گی تو اسکا اثر اعلی سطح تک جائیگا، ابھی ابھی نئی ذمہ داریوں کا پیغام ملا ہے، کوشش ہو گی کہ عمران خان کی سوچ کے مطابق ملکی کرکٹ کو آگے چلایا جائے۔