اللہ پسند کرتا ہے تقویٰ اختیار کرنے والوں کو,، تقویٰ اختیار کرو تا کہ تم فلاح پاؤ، اللہ سے ڈرو اور کسی کو اسکا شریک نہ ٹھہراؤ: خطبہ حج
مکہ مکرمہ: حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین میدان عرفات میں موجود ہیں جہاں مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ خطبہ حج دے رہے ہیں۔
خطبہ حج
اللہ تقوی اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، تقویٰ اختیار کرو تاکہ تم فلاح پاؤ، اللہ سے ڈرو اور کسی کو اسکا شریک نہ ٹھہراؤ, تمام انبیا نے اللہ کی وحدانیت کی تعلیم دی۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے نماز قائم کرو بے شک نماز برائی اور بے حیائی سے روکتی ہے، فرمان باری تعالیٰ ہے اے ایمان والوں تم پر روزے رکھنا فرض کیا گیا جیسے تم سے پہلے امتوں پر کیے گئے تھے۔
اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق اور بہترین سلوک و برتاؤ پر مشتمل ہے، کوئی بھی امت دلوں میں اخلاق کا بیج بوئے بغیر صالح شہری پیدا نہیں کرسکتی۔
دین اسلام خیر اور احسان پر ابھارتا ہے، کسی بھی انسان پر ظلم کرنے اور سرکشی چھوڑنے کا کہتا ہے، اسی لیے امت مسلمہ ایک امت ہے، دین اسلام ایک رب کی طرف متوجہ ہونے، ایک نبی کی پیروی کرنے اور ایک کتاب سے رہنمائی حاصل کرنے کا کہتا ہے۔
20 لاکھ کے لگ بھگ عازمین میدان عرفات میں موجود ہیں، خطبہ حج کے بعد عازمین بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔
بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کے ساتھ ایک ساتھ پڑھیں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔
آج صبح مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی، غلاف کعبہ کی تیاری میں 120 کلو سونا اور 100 کلو چاندی استعمال کی گئی۔
واضح رہے کہ اس سال سعودی حکام نے فرزندان اسلام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں، تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، اس سلسلے میں ایک ہیلپ لائن کے قیام کے ساتھ ساتھ خصوصی حج ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی گئی ہے۔