اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے ارکان آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے، صدر ممنون حسین کابینہ ارکان سے حلف لیں گے، کابینہ ارکان میں 16 وفاقی وزرا شامل ہیں۔کابینہ میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی حلف اٹھائیں گے. کابینہ میں شاہ محمود قریشی، اسدعمر، پرویز خٹک، فواد چودھری، خسرو بختیار، شیریں مزاری، شفقت محمود، غلام سرور خان، عامر محمود کیانی اور نورالحق قادری کابینہ میں شامل ہیں۔ اتحادی ارکان میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سینیٹر فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، طارق بشیر چیمہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کی زبیدہ جلال بھی حلف اٹھائیں گی۔دوسری جانب حلف برداری کی تقریب کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم اپنی کابینہ کو اہداف دیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر وزرا کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم وزارتوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تجاویز دیں گے۔
وفاقی کابینہ میں شامل فروغ نسیم کو وزارت قانون و انصاف، اسد عمر کو وزارت خزانہ، پرویز خٹک کو وزارت دفاع، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیخ رشید احمد کو وزارت ریلوے ، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات اور غلام سرور خان کو وزارت پیٹرولیم ڈویژن کا قلمدان دیا گیا ہے۔
اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دیا گیا ہے۔
عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کو کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹری پروڈکشن اور انویسٹمنٹ، ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔