تعلیم ، صحت سمیت ہر شعبہ میں تبدیلی لائیں گے:عبدالعلیم خان
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور پنجاب اسمبلی کے رکن عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں آج پنجاب میں بھی نواز لیگ کے دور کا خاتمہ ممکن ہو گیا اور عوام کو اُن چہروں سے نجات مل گئی جن کا کام صرف شو بازی اور من مانے منصوبوں پر سرکاری رقوم کا بے دریغ استعمال تھا ۔جنہوں نے کبھی ملک کے سب سے بڑے صوبے کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر بھی توجہ نہیں دی۔ آج ملک کے سب سے بڑے صوبے میں تحریک انصاف کے اقتدار کا آغاز ہو گیا ہے اور انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں اس صوبے میں ترقی و خوشحالی اور نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم آج کے دن بالخصوص پنجاب کے عوام سے وعدہ کرتے ہیںکہ اُن کے تمام خوابوں کی تعبیر ملے گی اور جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام سمیت عوام سے کیے ہوئے تمام وعدے پورے کریں گے اور تعلیم ، صحت ،امن و امان اور ہر شعبے میں عوام کیلئے وہ تبدیلی لائیں گے جس کا وہ مدتوں سے انتظار کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی ہماری سب سے پہلی ترجیح ہو گی خاص طور پر پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں یکساں ترقی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ،عبدالعلیم خان نے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان کے فیصلے پر ہر کھلاڑی نے لبیک کہا ہے ہم عہدوں کیلئے نہیں تبدیلی کیلئے جدوجہد کی ہے اور کسی بھی عہدے کے لالچ کے بغیر پی ٹی آئی کے مشن کی تکمیل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔