کرپٹ سرکاری افسروں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے:میاں مقصود
لاہور (خصوصی نامہ نگار)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عمران خان ایسے حالات میں وزیر اعظم بنے ہیں جب ملک کوچاروں اطراف سے خطرات نے گھیرا ہوا ہے۔ رشوت، سفارش، کرپشن کی وجہ سے وطن عزیز کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ پاکستان کے دشمن بھارت کی سربراہی میں ناپاک عزائم رکھتے ہوئے پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔ ملک میں اقتدار کی منتقلی کامرحلہ سرانجام پاچکا ہے۔اب چیئر مین پی ٹی آئی کو عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کوپوراکرنا ہوگا۔تمام سرکاری اداروں میں تعینات نااہل،کرپٹ اور بدعنوان افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور ان کی جگہ اہل افراد کولگایاجائے۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھرمیں مسلسل انتخابی عمل خوب سے خوب تر کی تلاش کا ذریعہ بنتا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں ہر انتخابات کے بعد پہلے سے زیادہ بربادی کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔ اسلام کو سرکاری مذہب تسلیم کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کی اب تک کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی کریں ، ختم نبوتؐ اور توہین رسالت ؐ کے قانون کے بارے میں واضع اور دوٹوک اعلان کریں کہ اس سلسلہ میں کسی بیرونی دبائو کو قبول نہیں کیا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے بہترتعلقات قائم نہیں ہونگے ۔